غزہ، حماس کے حملے میں کیپٹن سمیت 8 اسرائیلی فوجی ہلاک، بمباری میں 30 فلسطینی شہید

June 16, 2024

غزہ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) غزہ کے شہر رفح میں حماس کے حملے میں اسرائیلی فوج کے کیپٹن سمیت 8فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، القسام بریگیڈز کا کہنا ہے کہ اس کے مجاہدین نے رفح میں صیہونی فوجیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا اور وہاں پہنچنے والی بکتر بند گاڑی کو توپ شکن میزائل سے تباہ کردیا ، صیہونی فوج نےہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے ، غزہ بھر پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری اور گولہ باری کے نتیجے میں مزید30فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ، شہداء کی مجموعی تعداد37ہزار 296ہوگئی ہے، القسام بریگیڈز کا کہنا ہے کہ اسرائیلی طیاروں کی بمباری میں دو مزید صیہونی قیدی ہلاک ہوگئے ہیں ، رفح میں اسرائیلی فوجیوں کو بڑے جانی نقصان کے بعد صیہونی فوج آپے سے باہر ہوگئی ، اسرائیلی فوجی ٹینکوں نے پورے کے پورے گھروں کو گولہ بار ی کرکے تباہ کرنا شروع کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق حماس کے جنگجوؤں نے رفح میں فوجی گاڑیوں میں سفر کرنے والے اسرائیلی فوجیوں پر (RPGs) سے فائر کرنےکے بعد جائے وقوعہ پر پہنچنے والی امدادی اسرائیلی فورس پر گھات لگا کرحملہ کردیا جس کے نتیجے میں 8فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ ہفتے کے روز ہونے والے حملوں کو غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کے لیے مہینوں میں سب سے مہلک دن قرار دیا گیا ہے ۔ حماس کے مسلح ونگ، قسام بریگیڈز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے فوجیوں نے مغربی رفح شہر کے ضلع تل السلطان کے علاقے سعودی میں "دشمن کی گاڑیوں پر ایک پیچیدہ گھات لگا کر حملہ کیا"۔ القسام نے کہا کہ اس نے D9 فوجی بلڈوزر پر یاسین-105 آر پی جیز فائر کیے، جس سے نامعلوم تعداد میں اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔ ایک "ریسکیو فورس" کی گاڑی جو بعد میں پہنچی اس پر بھی حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں "وہ مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں موجود تمام فوجی مارے گئے۔