وزارت دفاع کے لیگل ایڈوائزر کی مونال ریسٹورنٹ سے متعلق عدالتی ریمارکس اورآبزرویشنز خارج کرنے کی استدعا

June 16, 2024

اسلام آباد(جنگ رپورٹر) وزارت دفاع کے لیگل ایڈوائزر، برگیڈیئر ریٹائرڈ فلک ناز ایڈوکیٹ نے ہفتہ کے روز سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ایک متفرق درخواست کے ذریعے’’ دی مونال ریسٹورنٹ‘‘ سے متعلق کیس کی گزشتہ سماعت کے دوران عدالت کی جانب سے ان کی ذات سے متعلق دیئے گئے، ریمارکس اور آبزرویشنز کوخارج کرنے کی استدعا کی ہے ، یاد رہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندو خیل اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل تین رکنی بنچ نے11جون منگل کو کیس کی سماعت کے دوران و وزارت دفاع کی جان سے پیش کی گئی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا تو جبکہ چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے درخواست گزار کو کہا تھا کہ قوم کو آپ جیسے ریٹائرڈ لوگوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے جو پنشن بھی لے رہے ہیں اور وکا لت بھی کرتے ہیں، آپ کو چاہیے کہ آپ گھر پر ہی بیٹھیں۔