شبقدر تاریخی قلعے میں ایف سی ہیڈکوارٹر میں وزیر داخلہ کو سکیورٹی بریفنگ

June 16, 2024

اسلام آباد (طاہر خلیل) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شبقدر تاریخی قلعہ کا دورہ کیا اور بعد میں اسلام آباد کے تھانے کا اچانک معائنہ کیا۔ شبقدر تاریخی قلعے میں ایف سی ہیڈکوارٹر میں وزیر داخلہ کو سکیورٹی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 1813ء میں بنے تاریخی قلعہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ محسن نقوی نے قلعہ کے مختلف قدیم حصے دیکھے اور قلعے کے زنجیروں میں جکڑے اصلی و قدیمی دروازوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ نے برطانیہ کے سابق وزیر اعظم سر ونسٹن چرچل کا مجسمہ اور1837ء میں تعمیر شدہ دیار کی لکڑی کا ریسٹ ہاؤس بھی دیکھا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تاریخی قلعہ کی دیکھ بھال اور قیام امن کیلئے ایف سی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کمانڈنٹ ایف سی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ کمانڈنٹ ایف سی معظم جاہ انصاری نے قلعہ اور زنجیروں میں جکڑے دروازوں کے تاریخی پس منظر کے بارے میں وفاقی وزیر داخلہ کو بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جی نائن مرکز میں تھانہ کراچی کمپنی کا اچانک دورہ کیا، محسن نقوی نے تھانے کے بیسمنٹ، گرائونڈ اور فرسٹ فلور کا معائنہ کیا۔