عید قربان پر گوشت کے استعمال میں اعتدال سے کام لیا جائے، ماہرین صحت

June 16, 2024

کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ عید قربان پر گوشت کے استعمال میں اعتدال سے کام لیا جائے۔ گوشت کا زیادہ استعمال اسہال، بدہضمی، ڈائریااور پیٹ کے امراض میں مبتلا کر سکتا ہے۔ جنرل فزیشن ڈاکٹر روحینہ احسان ملک نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہر سال عیدالضحیٰ کے بعد اسپتالوں میں بڑ ی تعداد میں شہری اسہال ، بدہضمی اورڈائریاکی شکایت کے ساتھ آتے ہیں جس کی بنیادی وجہ گوشت کا حد سے زیادہ استعمال ہوتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ قربانی کے گوشت میں برکت ہوتی ہے لیکن لوگ قربانی کا گوشت 6ماہ تک فریزر میں رکھ کر استعمال کرتے رہتے ہیں جومضر صحت ہے۔ یہ گوشت 12 ہفتوں تک استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ گوشت کی اچھے طریقے سے صفائی کی جائے پھر خوب پکاکر کھایا جائے اور گوشت کو ہفتے میں دو بار استعمال کیا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ ایک صحت مند فرد ایک ہفتے میں آدھا پاؤ گوشت استعمال کر سکتا ہے۔ماہر امراض قلب ڈاکٹر زین شاہ نے بتایا کہ دل کے امراض میں مبتلا افراد کو چاہیے کہ کلیجی ، تلی ، مغز، گردےاور جگرکا استعمال بالکل نہ کریں کیونکہ ان میں بہت زیادہ کولیسٹرول ہوتا ہے جو ان کے لئے نقصان دہ ہے ۔گوشت کو پکانے سے قبل بہت اچھے طریقے سے دھو یا جائے ۔