ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے سے منائی گئی، پہلے نماز کی ادائیگی پھر قربانی کا فریضہ

June 17, 2024

کولاج فوٹوز: اے ایف پی

ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے سے منائی گئی، نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانور قربان کیے گئے۔

بڑی عید کا بڑا دن، ایثار اور قربانی کا دن، گلے مل کر تمام گلے شکوے دور کرنے کا دن، قربانی کا عظیم جذبہ تازہ کرنے کا دن ہے۔ مستحقین کو قربانی کے جانوروں کے گوشت کی تقسیم نے لوگوں میں محبت کا جذبہ بھی پیدا کردیا۔

ملک بھر میں نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جس میں ملک کی سلامتی و ترقی کےلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ نماز کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اپنے پیارے جانور قربان کیے گئے۔

پہلے مستحقین اور رشتہ داروں میں قربانی کے جانوروں کے گوشت کی تقسیم کے بعد گھروں میں دستر خوان سجائے گئے، مزیدار کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ دن میں بھون کر کھائی کلیجی، گوشت بانٹنے کے بعد اُڑائی مسالے والی بریانی، شام میں کڑاہی، کباب اور نمکین بوٹی سے بھوک مٹائی۔

رات میں باربی کیو اُڑانے کےلیے سب ہیں بےتاب۔ مزیدار تکہ بوٹی، سیخ اور گولا کباب تیار ہونے لگے، بار بی کیو کی خوشبو سے فضاء مہک اٹھی۔

ادھر بچوں نے بھی بڑی عید پر بڑی خوشیاں سمیٹنے کا موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا۔ دوستوں سے گلے ملے پھر مل کر خوب جھولے جھولے، گھوڑے پر بھی سواری کی، چڑیا گھر کی سیر کی، ہاتھی بھی دیکھا اور بندر بھی، موج مستی کی، چاٹ بھی چٹ پٹی کھائی اور اپنی عید خوب مزیدار منائی۔