سندھ میں سیاحت کو فروغ، مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد

June 23, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ٹورازم ڈولپمنٹ کارپوریشن اور روٹری کلب آف کراچی نیو سنٹرل کے درمیان تاریخی فلیگ اسٹاف ہاؤس میں سندھ میں سیاحت کو فروغ دینے کےحوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سندھ کے صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ نے خصوصی شرکت کی، تقریب میں اراکین اسمبلی ملک سکندر خان، مخدوم فخر زمان، بیرسٹر ہالار وسان، ایم ڈی ایس ٹی ڈی سید فیاض شاہ، ڈی جی آرکیالوجی عبدالفتح شیخ، ڈسٹرکٹ گورنر روٹری حنیف خان و دیگر بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔ روٹری کی جانب سے صدر روٹری کلب کراچی شہناز رمزی جبکہ محکمہ سیاحت کی جانب سے ایم ڈی ایس ٹی ڈی سید فیاض شاہ نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے روٹری کلب کراچی کی سیاحت کے فروغ کے لیے حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ روٹری کے تعاون سے سندھ میں سیاحت کے فروغ کے مزید اقدامات کیے جائیں گے، آج کا دن روٹری ممبران اور ایس ٹی ڈی سی کے درمیان ایک طویل اور صحت مند تعلقات کی شروعات ہو گی۔ صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے ثقافتی اور سیاحت کی ترقی کے پروگراموں کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔