کراچی سینٹرل جیل میں تاریخ کا پہلا کانووکیشن، 248 قیدیوں کو اسناد دی گئیں

June 28, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر)الخدمت کراچی کے تحت کراچی سینٹرل جیل انتظامیہ کے تعاون سے سی آئی ٹی اور لینگویج کورسز میں گریجویشن کرنے والے قیدی طلبہ کے لیے ملکی تاریخ کا پہلا کانووکیشن گزشتہ روز صبح سینٹر جیل کراچی میں منعقد کیا گیا ،جس میں 248قیدی طلبہ میں اسناد جبکہ سی آئی ٹی،گرافک ڈیزائننگ ، انگلش اور چائنیز لینگویج کے پوزیشن ہولڈرطلبہ میں25,25ہزار روپے اور تحائف تقسیم کیے گئے ۔الخدمت کے سی ای ا نوید علی بیگ نے کراچی سینٹرل جیل میں قیدیوں کو مختلف ہنر سکھانے کے لیے ایک بڑے اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے قیام کا اعلان کیا ۔تقریب سے مہمان خصوصی وزیرجیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت کے تعاون سے سینٹر جیل میں قیدیوں کو آئی ٹی اور لینگویج کورسز کروائے جا رہے ہیں ،یہ پروگرام ہم سندھ کی تمام جیلوں میں شروع کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ گھٹن کے ماحول میں ہمیں قیدیوں کی خدمت کرنی چاہیے تاکہ یہ معاشرے میں جاکر باعزت روزگار کما سکیں ۔کانووکیشن سے چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ، آئی جی جیل خانہ جات سندھ قاضی نذیر احمد ،سینئر سپرنٹینڈنٹ جیل عبد الکریم عباسی اور ڈائریکٹر کمیونٹی سروسزقاضی سید صدرالدین نے بھی اظہار خیال کیا ۔