نئے مالی سال کے ٹیکسز سے بچنے کیلئے رجسٹریاں کرانیوالوں کا رش

June 27, 2024

راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) نئے مالی سال کے اضافی ٹیکسز سے بچنے کیلئے رجسٹریاں کرانے کا کام کئی گنا بڑھ گیا جبکہ آن لائن رجسٹریشن کا لنک تین دن سے ڈاؤن ہونے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اسٹامپ فروشوں نے بھی لنک ڈاؤن ہونے پر احتجاج کیا ہے۔ شدید گرمی کے باعث تحصیل آفس میں خواتین، بوڑھوں اور معذوروں کیلئے الگ کاؤنٹر نہ ہونے سے انہیں مشکلات ہیں۔ ذرائع کے مطابق آن لائن ایک وقت میں سسٹم سے چھ ہزار لنک قائم ہو سکتے ہیں جبکہ 42ہزار لنک قائم کرنیکی کوششوں سے سسٹم ہی بیٹھ گیا ہے۔ 30جون کے بعد نئے ریٹس لاگو ہو جائینگے جس سے بچنے کیلئے شہری دھڑا دھڑ رجسٹریاں کرا رہے ہیں۔ اس وقت بیچنے والے کو ایک فیصد سیون ای کے تحت‘ تین فیصد گینگ ٹیکس فائلر اور چھ فیصد نان فائلر ہے۔ خریدنیوالے کو سٹیمپ ڈیوٹی ایک فیصد، ایڈوانس ٹیکس 3فیصد فائلر، 7فیصد نان فائلر، ضلع کونسل ٹیکس ایک فیصد، پیلرا کے تحت فی رجسٹری 25سو روپے دینے ہیں۔ 30جون کے بعد ایڈوانس اور گین ٹیکس میں اضافہ کیساتھ تین کیٹگریز بن رہی ہیں۔