پی ایچ اے لاکھوں کا کرایہ اور بجلی واجبات پکرٹ کو ادا کرنے میں ناکام

June 29, 2024

اسلام آباد (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے)پاکستان حلال اتھارٹی (پی ایچ اے ) پاکستان کونسل آف رینیوایبل انرجی ٹیکنالوجی (پکرٹ )کو عمارت کے کرائے اور بجلی کے بلوں کی مد میں لاکھوں روپے کی ادائیگی کرنے میں ناکام ہو گئی ہے ، دستاویز کے مطابق پی ایچ اے دفتر کی پکرٹ کی عمارت میں منتقلی کیلئے تین سال کا معاہدہ کیا گیا تھا جس کے تحت یکم اکتوبر 2023ء سےپکرٹ کو 6لاکھ 17ہزار 220روپے ماہانہ کرایہ کی ادائیگی کرنی تھی مگر پچھلے 9ماہ سے کرایہ کی مد میں کسی قسم کی ادائیگی نہیں کی گئی ، پی ایچ اے نے معاہدہ کے تحت پکرٹ کو مجموعی خرچ کا چالیس فیصد بجلی کے بل کی بھی ادائیگی کرنی تھی مگر اس کی بھی ادائیگی نہیں کی گئی ۔ اس حوالے سے جب ڈائریکٹر جنرل پاکستان حلال اتھارٹی اختر بگیو سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو فنڈز کی ادائیگی کیلئے کئی بار لکھ چکے ہیں ، فنڈز ملتے ہی پکرٹ کو بقایا جات کی ادائیگی کر دی جائیگی۔