انسانی سمگلنگ کے دو ملزموں کو 34سال قید ، 77لاکھ جرمانہ

June 30, 2024

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) سپیشل جج سینٹرل راولپنڈی امجد علی شاہ نے انسانی سمگلنگ کے الزام میں دو ملزمان کو مجموعی طور پر 34سال قید اور 77لاکھ روپے جرمانے کی سزا سناتے ہوئے تیسرے ملزم کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا۔ عبدالرزاق کی درخواست پر ایف آئی اے میں درج کیس کے مطابق محمد اسلام، فیض اللہ اور دوران خان نے 2022میں اس کے بیٹے عثمان رزاق سے 23لاکھ اور بھتیجے شکیل اختر سے چالیس لاکھ روپے لیکر اٹلی بھجوانے کیلئے روانہ کر دیا جو کچھ روز بعد لاپتہ ہوگئے اور آج تک ان کا کہیں سراغ نہیں مل رہا۔ دوران سماعت جرم ثابت ہونے پر گزشتہ روز عدالت نے فیض اللہ کو تین مختلف الزامات کے تحت مجموعی طور پر سترہ برس قید چالیس لاکھ روپے جرمانہ اور محمد اسلام کو بھی انہی الزامات کے تحت سترہ برس قید اور پچیس لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے تیسرے ملزم دوران خان کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا۔