بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ،چوتھی سہ ماہی قسط کی ادائیگیاں جاری

June 28, 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر ) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پنجاب میں موجودہ مالی سال کی چوتھی سہ ماہی قسط (جنوری تا مارچ) کی ادائیگیاں جاری ہیں،شفافیت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے یہ ادائیگیاں کیمپ سائٹس کے ذریعے 3 مرحلوں میں کی جا رہی ہیں، ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی پنجاب ارشد لیاقت چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ نگرانی کے لئے ہر کیمپ سائٹس پر بی آئی ایس پی کا عملہ موجود ہے، اب تک 2 مرحلوں میں صوبہ کے 29 اضلاع کے 30 لاکھ مستحق خاندانوں میں سے 16 لاکھ سے زائد خاندانوں میں رقم کی تقسیم کا عمل کامیابی سے مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ تیسرے مرحلے میں جنوبی پنجاب کے باقی ماندہ 7 اضلاع میں سہ ماہی قسط کا اجراء بہت جلد کیا جا رہا ہے جس کے لئے ادائیگی سنٹرز پر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ کیمپ سائٹس پر خواتین کے بیٹھنے کیلئے کرسیوں، سایہ دار جگہ، پینے کے لیے ٹھنڈا پانی اور سکیورٹی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ کفالت پروگرام کے علا وہ رجسٹرڈ خاندانوں کے بچوں کے بینظیر تعلیمی وظائف کا اجراء بھی کر دیا گیا ہے،تعلیمی وظائف کیلئے سکول میں بچوں کی 70 فیصد حاضری لازمی ہے۔