ویرات کوہلی عالمی چیمپئن بن کر T-20 انٹرنیشنلز سے ریٹائر، ورلڈ کپ فائنل بھارت کیلئے آخری میچ

June 30, 2024

بارباڈوس (جنگ نیوز) آئی سی سی ٹی20ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم بھارت کے ویرات کوہلی نے انٹرنیشنل ٹی 20 کیریئر عالمی چیمپئن بن کر ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ ٹورنامنٹ میں سیمی فائنل تک وہ صرف 75 رنز بناسکے تھے البتہ انہوں نے اپنی بہترین پرفارمنس فائنل کیلئے بچاکر رکھی تھی، انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں 76 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتا۔ فائنل کے بعد انہوں نے کہا کہ یہ میرا آخری ٹی 20ورلڈ کپ اور بھارت کیلئے بھی آخری ٹی 20 انٹرنیشنل تھا۔ جو پانا چاہتا تھا وہ مل گیا۔ ایک وقت ایسا آتا ہے کہ ہم سوچتے ہیں کہ شاید ہم ایک رن بھی نہ لے پائیں لیکن پھر وہ ہوتا ہے جس کا شاید کسی نے سوچا بھی نہ ہو، کیونکہ خدا عظیم ہے۔ میں اپنے ملک کیلئے ٹی 20ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھانا چاہتا تھا جو میں نے کیا، یہ ایک کھلا راز ہے کہ اب ہمیں آنے والی نسل کو موقع دینا چاہیے کہ وہ آگے آئیں اور ہمارے ملک کا نام روشن کریں۔ ویرات کوہلی نے ہفتہ کو بارباڈوس میں T20 ورلڈ کپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف 59 گیندوں پر 76 رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے بابر اعظم کا ریکارڈ برابر کرتے ہوئے مینز T20I کرکٹ میں39 واں ففٹی پلس اسکوربنایا۔واضح رہے کہ ویرات نے 125 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بھارت کی نمائندگی کی ہے اور ایک سنچری اور 38 نصف سنچریوں کی مدد سے 4188 رنز بنائے۔