سابق ڈائریکٹر این سی اے ندیم خان خواتین کرکٹ کے نگراں مقرر

June 30, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ اسپنر اور ڈائریکٹر این سی اے ندیم خان کو خواتین کرکٹ کے معاملات کا نگراں بنایا ہے جس کے تحت کئی پرانی اور آزمودہ کرکٹرز کو فارغ کردیا جائے گا۔خواتین ونگ کی سربراہ تانیہ ملک کو بھی سائیڈ لائن کرنے کی تجویز ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد وسیم کو عارضی مدت کے ہیڈ کوچ بنایا ہے جبکہ مستقل طور پر غیر ملکی کوچ کا تقرر کیا جائے گا۔محمد وسیم اور دیگر کوچز کی تقرری ایشیا کپ کے لئے ہوئی ہے۔دوسری جانب پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے کوچز کی تلاش شروع کر دی ۔کوچز کی تلاش کے لیے اشتہار جاری کر دیا گیا ہے۔کم از کم لیول ٹو کوچ درخواستیں جمع کرانے کے اہل ہوں گے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر ، انٹرنیشنل کرکٹر اور کم از کم 50 فرسٹ کلاس میچز کھیلنے والے اہل قراردیئے جائیں گے۔خواہشمند افراد کے لیے کم از کم تین سال کوچنگ تجربہ لازمی قرارہے۔ریجنز کے ساتھ ڈسٹرکٹ ٹیموں کے لئے کوچز کی تقرری کی جائے گی۔