غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز کی کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

July 01, 2024

کراچی(این این آئی)کٹھمنڈو سے شارجہ جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز نے کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے، پرواز کٹھمنڈو سے شارجہ جارہی تھی ، فضائی میزبان کو سانس لینے میں دشواری پر اُتارا گیا۔تفصیلات کے مطابق شارجہ جانے والی ایئر عربیہ کی پرواز کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی ہے، ذرائع نے بتایاکہ فضائی میزبان کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر طیارے کے کپتان نے اے ٹی سی سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ذرائع کے مطابق مراکش کے فضائی میزبان انس کو دوران پرواز سانس لینے میں دشواری ہوئی تھی، پرواز اس وقت پاکستانی حدود میں داخل ہو گئی تھی، جس پر اسے فوری طور پر رحیم یار خان سے کراچی موڑا گیا۔ کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد فضائی میزبان انس کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈاکٹرز نے چیک کیا، تاہم طبیعت زیادہ خراب ہونے پر غیر ملکی فضای میزبان کو آغا خان اسپتال منتقل کر دیا گیا۔