PTI کا اگلا ہدف اقتصادی پابندیاں لگوانے کی قرارداد منظور کرانا ہے، عرفان صدیقی

July 01, 2024

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر اورخارجہ امور کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے الزام لگایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور صاحب حیثیت ووٹرز نے پیسے اور اثرورسوخ کے زور پر انتخابات لڑنے والے موجودہ ارکان کانگریس کو پاکستان مخالف قرارداد پر آمادہ کیا اور اب پی ٹی آئی کا اگلا ہدف اقتصادی پابندیاں لگوانے کی قرارداد منظور کرانا ہے ۔ اپنے سوشل میڈیا پیغام میں سینیٹر عرفان صدیقی نے مزید کہا ہے کہ امریکی انتخابات سر پر کھڑے ہیں۔ امیدوار اپنے حلقے کے ووٹرز کی حمایت اور چندے کے لئے بھاگ دوڑ میں ہیں۔ پاکستان سے ہدایات پرایک منظم مہم کے ذریعے بانی پی ٹی آئی اور صاحب حیثیت ووٹرز نے پیسے اور اثر و رسوخ کے زور پر انتخابات لڑنے والے موجودہ ارکان کانگریس کو پاکستان مخالف قرارداد پر آمادہ کیا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے ٹویٹ میں کہا کہ بلا شبہ یہ پی ٹی آئی کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر اقتصادی سمیت ہر طرح کی پابندیاں لگوانے کی ایک اور قرارداد پی ٹی آئیکا اگلا ہدف ہے۔