ڈاکوؤں کا زمیندار کی رہائی کیلئے 1 کروڑ روپے، آئی فون اور راڈو گھڑیوں کا مطالبہ

July 01, 2024

جیکب آباد(این این آئی) ڈاکوؤں نے مغوی زمیندار کی آزادی کے لیے ایک کروڑ روپے، آئی فون اور 2راڈو گھڑیوں کا مطالبہ کردیا، ڈاکووں نے جیک آباد کی تحصیل ٹھل کے علاقے سے 20روز قبل اغوا زمیندار کی ویڈیو وائرل کردی ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے آر ڈی 52 تھانہ کی حدود گاؤں پیارو کھوسو سے 20روز قبل اغوا ہونے والے کھوسہ قبیلے کی معزز شخصیت زمیندار بہرام خان کھوسو کی آزادی کیلئے ڈاکوؤں نے ورثاء سے ایک کروڑ روپے نقدی، آئی فون اور 2 راڈو گھڑیوں کا مطالبہ کردیا ہے، گزشتہ روز ڈاکوؤں نے مغوی بہرام خان کھوسو کی ویڈیو وائرل کی جس میں ڈاکوؤں نے مغوی کو زنجیروں میں جکڑا کر اس پر بے رحمانہ تشدد کیا جارہا ہے، ڈاکوؤں کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں مغوی اپنے ورثہ سے اپیل کررہا ہے کہ میری زرعی زمین فروخت کرکے انہیں ایک کروڑ نقدی، آئی فون اور دو راڈو گھڑیاں دیکر مجھے آزاد کرایا جائے یہاں مجھے دن رات تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مغوی کے گھر میں کہرام مچا ہوا ہے ورثہ نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے مغوی کو فلفور بازیاب کرایا جائے۔