عوام کو دفاتر کی سروسز گھر بیٹھے ملیں گی، وزیراعلیٰ مریم نواز

July 01, 2024

لاہور(نمائندہ جنگ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر دستک نمائندوں کی رجسٹریشن شروع ہوگئی ہے۔ مرجسٹریشن کے آغاز پر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ مریم کی دستک پروگرام کا دائرہ کار بتدریج تمام اضلاع تک بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے کے بجائے گھر بیٹھے تمام سروسز میسر ہوں گی۔لاکھوں نوجوانوں کو روزگارملے گا ۔مریم کی دستک پروگرام کی سروسز 10سے بتدریج بڑھا کر 65تک کرنے پر کام شروع ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ دستک پروگرام سے نہ صرف سروسز گھر بیٹھے ملیں گی بلکہ کرپشن اور استحصال کا خاتمہ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب ڈیجیٹلائزیشن کے انقلابی دور میں داخل ہو چکا ہے، مزید مثبت اور نہایت مفید تبدیلیاں لائیں گے۔انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آرٹیفشل انٹیلی جنس سے عوام کی زندگیوں میں بھر پور آسانیاں لارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں نوجوان نمائندے مریم کی دستک پروگرام میں سہولت کار کی خدمات سرانجام دیں گے۔دستک سروسز کی فراہمی سے نوجوان با عزت طریقے سے روزانہ ہزاروں روپے کما سکیں گے۔دستک نمائندوں کی اہلیت کے لیے اصل شناختی کارڈ، کم از کم عمر 18 سال، کم از کم تعلیم انٹرمیڈیٹ اور موبائل فون بمعہ انٹرنیٹ ضروری ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نے کہا کہ دستک نمائندوں کی اہلیت کے لیے متعلقہ پولیس سٹیشن سے کلیرنس سرٹیفکیٹ، ذاتی موٹر سائیکل اور لائسنس کا ہونا لازم ہوگا۔میرٹ پر آنے والے دستک نمائندوں کو ٹریننگ بھی دی جائے گی۔دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پارلیمانی نظامِ حکومت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پارلیمانی جمہوریت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ پارلیمنٹ ہماری جمہوریت کی بنیاد اور معاشرے میں انصاف اور مساوات کے اصولوں کی محافظ ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پارلیمانی نظام شفافیت، جوابدہی، اور حکمرانی میں عوام کی نمائندگی کو یقینی بناتا ہے۔ ہر شخص اور ادارہ پارلیمانی اداروں کو مضبوط بنانے کی کوشش میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ قمی اور صوبائی ایوانوں کے ارکان کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ جمہوریت اور انصاف کی اقدار کو برقرار رکھنے کی کاوشیں کرنے والے پارلیمنٹیرینز قابل تحسین ہیں۔