نشیبی علاقوں میں آبی گزرگاہوں پر قبضے برقرار، کارروائی کاغذوں تک محدود

July 02, 2024

راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) شدید گرمی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث مون سون میں اربن فلڈنگ کے خدشات نے جنم لے لیا جبکہ آبی گزرگاہوں کو مخفوظ بنانے اور رائٹ آف وے بحال نہ ہونے سےسیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام تیاریاں کاغذی ثابت ہوسکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے بھی راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ سمیت بالائی پنجاب کے دیگر علاقوں میں 2 جولائی سے 7 جولائی تک بارشوں کے ساتھ ساتھ راولپنڈی، گلیات اور مری کے ندی نالوں میں سیلاب اورطغیانی ، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں مری گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔ نشیبی علاقوں کی صورتحال جوں کی توں ہے۔تجاوزات کی آڑ میں نہ تو آبی گزرگاہوں پر قبضے رکے ہیں نہ ہی ان کو روکنے کیلئے کوئی عملی قدم اٹھایا گیا ہے۔تمام کمشنرز نے ایک نعرہ کے طورپر تجاوزات و قبضوں کے خلاف احکامات جاری کئے لیکن عملا کچھ نہیں ہوا اور آبی گزرگاہیں مسلسل سکڑ رہی ہیں۔ ان کی صفائی پرسالانہ کروڑوں روپے الگ خرچ کئے جارہے ہیں۔