ڈکیتی کے دوران شہری زخمی، جڑواں شہروں سے تین گاڑیاں، 33 موٹرسائیکل غائب

July 03, 2024

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 3گاڑیوں ایک رکشے10موٹر سائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز اور نقدی سے محروم ہوگئے ،10افراد سے جھپٹا مار کرموبائل چھین لئے گئے۔ وفاقی دارالحکومت میں35 ورادتوں میں 18 موٹر سائیکل، لاکھوں کی نقدی زیورات اور دیگر اشیاء اڑا لی گئیں جبکہ 5 موٹر سائیکل اسلحہ کی نوک پر چھین لئے گئے ۔ تھانہ ٹیکسلاکے علاقہ میوزیم روڈ کے بینک کے اے ٹی ایم سےمحمد ارسلان 40 ہزارروپے نکلوا کر کرموال کے نزدیک پہنچا تو ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان نے اسے کراس کرتے ہوئے لات ماری جس سے وہ موٹر سائیکل سےگر پڑا اس دوران ملزم نے پسٹل تان لیا مدعی نے اسے پکڑنے کی کوشش کی توملزم نے ٹانگ پر گولی مارکراسے زخمی کردیا اور جیب سے40ہزار روپے نکال کر پیدل اسلحہ لہراتا ہوا فرار ہو گیا۔گلریزمیں فہد منان عظیم کے گھرسے تالے تو ڑ کر لیپ ٹاپ ،موبائل، 7لاکھ 42ہزارروپے اور واچ مالیتی10ہزار روپے ،گدوال میں سیف اللہ گھر سے تالے توڑ کر سونا مالیتی15لاکھ 68ہزارروپے چوری کرلیا گیا۔ اسلام آباد کےتھانہ نون سے ایک ،تھانہ شمس کالونی سے 2 ،تھانہ کورال سے ایک اور تھانہ لوہی بھیر کے علاقے سے ایک موٹر سائیکل اسلحہ کی نوک پر چھین لئے گئے ۔ تھانہ مارگلہ ،کراچی کمپنی ، شالیمار ،سبزی منڈی ،نون اور تھانہ کھنہ کے علاقے میں شہریوں سے موبائل ، نقدی اور زیورات اسلحہ کی نوک پر چھین لئے گئے ۔ تھانہ شالیمار ،تھانہ ترنول ،تھانہ نون اور تھانہ لوہی بھیر کے علاقوں میں گھروں کے تالے ٹوٹ گئے چور لاکھوں کی نقدی، زیورات ،پرائز بانڈ ، الیکٹرونکس اور دیگر قیمتی اشیا لے اڑے۔