سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 12.58 فیصد کمی ریکارڈ

July 03, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جون 2024میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 12.58فیصد کمی ریکارڈ‘ایکسپورٹ بھی 17.95فیصد کم رہی ،آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق جون 2024میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت جون 2023سے 11.69فیصد کمی کے ساتھ 3.079 ملین ٹن رہی جبکہ جون 2023کی مقامی فروخت 3.487ملین ٹن رہی تھی۔ جون 2024کے مہینے میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ 17.95فیصد کمی سے 4لاکھ72 ہزار 865ٹن رہی ۔جون 2024کے دوران شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی فروخت 2.723ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال جون کی فروخت 2.950ملین ٹن کے مقابلے میں 7.71فیصد کم رہی۔سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق مالی سال 2023-24کے دوران مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت میں کمی باعث تشویش ہے اور پالیسی میکرز کو اس پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ سیمنٹ لگژری آئٹم نہیں ہے بلکہ ایک بنیادی ضرورت ہے۔