DHA کو 6 ہزار ایکڑ زمین دینے کے منصوبے پر نوٹس جاری

July 03, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے ہاکس بے میں ڈی ایچ اے کو 6ہزارایکڑزمین الاٹ کرنے کے منصوبے پر نوٹس جاری کردیے۔ سندھ ہائیکورٹ نے دائر درخواست پر صوبائی حکومت کے ڈی ایچ اے کو 6,000ایکڑ زمین الاٹ کرنے کے منصوبے پر چیف سیکریٹری ، ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے ایڈمنسٹریٹر کو نوٹس جاری کردیے۔جسٹس ذوالفقار احمد خان اور جسٹس راشدہ اسعد پر مشتمل ڈویژنل بنچ نے پٹیشن کی سماعت کی۔عدالتی حکم میں کہا گیا کہ پٹیشن کی سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد ہوگی۔ ایڈووکیٹ اشفاق علی پنہور نے سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں بتایا کہ ڈی ایچ اے نے سندھ کے چیف منسٹر کو گزشتہ سال اگست میں ہاکس بے میں اپنے توسیعی منصوبے کے لیے 5,000تا 6,000 ایکڑ زمین کی الاٹمنٹ کی درخواست دی ۔حکومت سندھ اس درخواست پر غور اور اسے پراسیس کررہی ہےجبکہ ڈی ایچ اے نے ہاکس بے میں مجوزہ 6,000ایکڑ زمین کا سائٹ پلان بھی دیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے حال ہی میں ڈی ایچ اے کو اس کے ڈی ایچ اے سٹی پروجیکٹ کے لیے 11,640ایکڑ زمین بغیر کوئی سرکاری ٹیکس لیے الاٹ کی ہے۔