کیسکو کی کھلی کچہری میں وولٹیج کی کمی بیشی ختم، لوڈشیڈنگ کم کرنے کی شکایات

July 16, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)وزارت توانائی (پاور ڈویژن) حکومت پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے زیراہتمام صارفین کی بجلی سے متعلق شکایات کے ازالہ کے سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر آپریشن سرکلز کے تمام سب ڈویژنز میں کھلی کچہری پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں پیر کو صارفین کی شکایات کے بروقت ازالہ کیلئے چیف ایگزیکٹو افسر کیسکو انجینئر شفقت علی کی زیرنگرانی کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا ۔ کھلی کچہریاں کیسکو کے سینٹرل سرکل کوئٹہ ، سبی ، پشین ، لورلائی ، خضدار اور مکران سرکل کے تمام سب ڈویژنز کے دفاتر میں منعقد ہوئیں ۔کچہریوں میں صارفین نے وولٹیج میں کمی بیشی ، بعض علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ کم کرنے ، گھریلو ، کمرشل اور دیگر نئے کنکشنز کی جلد فراہمی ، پرانے میٹروں کی بروقت تبدیلی ، جلے ہوئے ٹرانسفارمرزکی مرمت و تبدیلی ، بلوں کی بروقت ترسیل اور میٹر ریڈنگ کی درستگی جیسی شکایات شامل تھیں ۔ چیف ایگزیکٹو افسر کیسکو انجینئر شفقت علی نے کھلی کچہریوں کے انعقاد کے حوالے سے بتایا کہ صارفین کی شکایات کا بروقت ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کیسکو اپنے تمام صارفین کے مسائل کے حل کیلئے روزانہ کی بنیاد پر تمام سب ڈویژنز کے دفاتر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کررہی ہے ۔