مون سون، 17اضلاع کی انتظامیہ کو ریڈ الرٹ کر دیا، پی ڈی ایم اے

July 15, 2024

کوئٹہ(این این آئی)ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جہاں زیب خان نے کہا ہے کہ مون سون کے حوالے سے صوبے کے 17اضلاع کوہائی الرٹ قرار دے کر انتظامیہ کو ریڈ الرٹ کردیا ہے، صوبے کے تمام اضلاع میں امدادی سامان بھجوادیا گیا ہے ۔یہ بات انہوں نے صحافیوں سے بات چیت میں کہی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ مون سون بارشوں کے حوالے سے ہنگامی پلان تیار کرلیا گیا ہے، تمام محکموں کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کردیا ہے ،صوبے کے 17اضلاع کوہائی الرٹ قرار دے کر انتظامیہ کو ریڈ الرٹ کردیا ہے، ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو اپنے اپنے علاقوں کے محفوظ مقامات کی لسٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، صوبے کے تمام اضلاع میں امدادی سامان بھجوادیا گیا ہے،ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان نے بتایا کہ نصیر آباد ڈویژن کے اضلاع ہرنائی کے سیلابی پانی جبکہ ژوب ،شیرانی کے علاقے فلش فلڈ سے متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صوبے کی این جی اوز کو بھی مون سون کی بارشوں کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔