چیف انجینئر واسااز خود ایم ڈی بن بیٹھا، اپنے دستخطوں سے نوٹیفکیشن نکال کر چارج سنبھال لیا

July 16, 2024

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) چیف انجینئر واساانجینئر عمران درانی نے خود کو منیجنگ ڈائریکٹر واسا کا چارج تفویض کردیا ، چیف انجینئر واسا نے جاری اعلامیہ میں کہا ہے کہ سابق منیجنگ ڈائریکٹر واسا حامد لطیف رانا 13 جولائی 2024ءکو ریٹائر ہوئے ہیںتاہم ان کی غیر موجودگی اور عدم دستیابی کے پیش نظر چیف انجینئر واساانجینئر عمران درانی نے واسا ایکٹ 2024ءکے تحت 15 جولائی کو ایم ڈی واسا کا چارج سنبھال لیا ہے،اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جب منیجنگ ڈائریکٹر چھٹی پر غیر حاضر یا بیرون ملک ہوں تو چیف انجینئر منیجنگ ڈائریکٹر کے اختیارات استعمال کرسکتاہے، سیکرٹری پی ایچ ای عمران گچکی نے مذکورہ نوٹیفکیشن کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوٹیفکیشن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے ایم ڈی واسا کی تعیناتی کیلئے وزیراعلی اور چیف سیکرٹری سے اجازت لینے کے بعد سیکرٹری محکمہ پی ایچ ای نئے آفیسر کی تعیناتی کا نوٹیفیکشن جاری کرنے کا مجاز ہے ۔ انہوںنے بتایا ہے کہ واسا ایکٹ کے تحت جب منیجنگ ڈائریکٹر چھٹی پر ہو یا غیر حاضر ہو تب چیف انجینئر اس کے اختیارات استعمال کرسکتے ہیں تاہم سابق منیجنگ ڈائریکٹر واسا اپنی مدت ملازمت پوری کرکے ریٹائر ہوئے ہیں۔