معیشت کی بحالی کیلئے کڑوے فیصلے کرنا پڑے، وزیر اعظم شہباز شریف

July 25, 2024

وزیراعظم سے خیبر پختونخوا کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کی بحالی کیلئے کڑوے فیصلے کرنا پڑے۔ ہم نے ریاست کو سیاست پر ترجیح دے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

وزیراعظم سے خیبر پختونخوا کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر امیر مقام، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

منتخب نمائندوں نے وزیراعظم کو معیشت کی بہتری پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ خیبر پختونخوا کے ارکان اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ کے فضل و کرم سے پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔

انھوں نے کہا خیبر پختونخوا بالخصوص ضم شدہ اضلاع کی ترقی اولین ترجیح ہے۔ ضم شدہ اضلاع کی ترقی کیلئے ن لیگ نے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے۔ وہاں صحت و تعلیم کی معیاری سہولیات یقینی بنائیں گے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات سے اربوں روپے کی چوری کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔

انھوں نے کہا منتخب نمائندے بجلی کی چوری روکنے کیلئے حکومت کی معاونت کریں۔ ملک بھر میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حال ہی میں غریب و متوسط طبقے کو بجلی کے بلوں میں بڑا ریلیف فراہم کیا۔ پاکستان کی معیشت کی بحالی کیلئے کڑوے فیصلے کرنا پڑے۔ ہم نے ریاست کو سیاست پر ترجیح دے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آپ سب اپنے حلقوں میں محنت کریں، عوام کا ریلیف آپ کی ترجیح ہونا چاہیے۔ نائب وزیراعظم کی سربراہی میں قائم کمیٹی خیبرپختونخوا کے مسائل کا پائیدارحل تلاش کرے گی۔