کشمیر کے مسئلہ پر تیسری پارٹی کی مداخلت نہیں چلے گی،بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ

July 25, 2016

سرینگر ( نیوز ایجنسیز / جنگ نیوز) بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلہ پر تیسری پارٹی کی مداخلت نہیں چلے گی ، پاکستان اپنی سوچ بدلے ،پہلے کشمیر میں امن قائم ہوگا پھر جس سے بات کرنی ہوگی کریں گے جبکہ مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے پاکستان کی کڑی تنقید کی اور کہا کہ پاکستان کو اپنی پالیسی تبدیل کرنا ہوگی ، پاکستان نوجوان کشمیریوں کو اسلحہ اُٹھانے پر اُکسا رہا ہے ، بھارت اور پاکستان کشمیر پر مذاکرات کریں ۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے دورے کے بعد اتوار کو سرینگر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارت کے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے مسئلہ میں تیسری پارٹی کی مداخلت نہیں چلے گی اور پاکستان کو اپنی سوچ بدلنی چاہئے ، کشمیر میں پاکستان کے کردار صحیح نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں حالات معمول اور پرامن ہونے چاہئیں، اس کے بعد ہی جس سے بھی بات چیت کی ضر و ر ت ہو گی بات چیت کی جائے گی ، جموں و کشمیر میں گزشتہ چند دنوں میں جو کچھ بھی ہوا، اس پر انہیں افسوس ہے، ہم کشمیر کے ساتھ جذباتی تعلق بنانا چاہتے ہیں اور کشمیر کی جمہوریت میں صرف انسانیت کا مقام رہے گا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پورے بھارت کے لوگوں کی خواہش ہے کہ کشمیر ایک بار پھر جنت بننا چاہئے ، اختلافات کو بات چیت کے ذریعہ ہی حل کیا جانا چاہئے کیونکہ اس کے علاوہ کوئی دوسرا حل نہیں ہو سکتا۔ادھر جیو نیوز کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا کہ وہ کشمیر سے متعلق مذاکرات کریں جبکہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے پاکستان پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ پاکستان کو اپنی پالیسی تبدیل کرنا ہوگی ، پاکستان نوجوان کشمیریوں کو اسلحہ اُٹھانے پر اُکسا رہا ہے ، جب کوئی کشمیری بندوق اُٹھاتا ہے تو وہ اسے لیڈر کہتے ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ صحیح کررہا ہے ۔ محبوبہ مفتی نے مقبوضہ وادی میں نافذ کالے قانون افسپا کی تجرباتی بنیاد پر منسوخی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ قانون کے خاتمے سے وادی میں حالات بہتر ہوں گے ۔ قبل ازیں بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے دورہ مقبوضہ کشمیر کے دوسرے روز ایک اعلی سطح سیکورٹی اجلاس کی صدارت کی جس میں امن وامان کی صورتحال اور سیکورٹی کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا ،راجناتھ سنگھ نے سیاسی جماعتوں کے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔اتوارکو بھارتی میڈیا کے مطابق اعلی سطح اجلاس میں وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی، سینئر بیورو کریٹس،پولیس حکام ،پیراملٹری افواج کے اعلی حکام کے علاوہ ریاستی اور مرکزی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے حکام نے شرکت کی ۔سابق وزیراعلی عمر عبداللہ کی قیادت میںنیشنل کانفرنس کے وفد نے سرینگر کے لال نہرو گیسٹ ہاؤس میں وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی ۔اسکے علاوہ راجناتھ سنگھ نے پیپلزڈیموکریٹک پارٹی اور کشمیر کے بعض دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔