سمندر پار پاکستانیوں کی90شکایات زیر التواء ،کمیشن کا ضلعی حکومت سے رابطہ

November 22, 2016

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)سمندر پار پاکستانیوں کیلئے قائم صوبائی کمیشن کی طرف سے ضلعی حکومت راولپنڈی کو بھجوائی گئی90شکایات کا تاحال ازالہ نہیں ہوسکا۔جس کا نوٹس لیتے ہوئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی طرف سے ڈی سی او راولپنڈی کو مراسلہ بھجوایا گیا ہے۔قانون کے تحت کسی بھی شکایت کا30دن میں ازالہ کرکے رپورٹ پنجاب اورسیز پاکستانی کمیشن کو دینا ہوتی ہے۔سمندر پار پاکستانیوں کا کمیشن ایکٹ آف پارلیمنٹ کے تحت 2014میں قائم کیا گیا تھا۔جس کا مقصد مستقل و عارضی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کا زالہ کرنا تھا۔پنجاب کمیشن نے موصول ہونے والی90شکایات ضلعی حکومت راولپنڈی کو بھجوائی تھیں جن پر مقررہ معیاد گزرنے کے باوجود جواب نہیں دیا گیا ۔کمشنر اورسیز پاکستانی پنجاب کی طرف سے سید جاوید اقبال بخاری نے ایک مراسلہ ڈی سی او راولپنڈی کوبھجوایا ہے۔جس میں کہا گیا ہے کہ وہ ذاتی طور پر معاملے کو دیکھیں اور جلد از جلد شکایات پر کارروائی کراکر کمشنر اورسیز پاکستانی کو آگاہ کیا جائے۔ذرائع کے مطابق اورسیز پاکستانیوں نے راولپنڈی ڈویژن کے چاروں اضلاع میں770کے قریب شکایات درج کرائیں جس میں سے 110زیر التواء ہیں۔راولپنڈی میں اورسیز پاکستانیوں نے 230شکایات درج کرائیں جن میں سے 83زیر التوا ہیں۔ضلع اٹک میں36میں سے چار،ضلع جہلم میں 460میں سے صرف 17اور ضلع چکوال میں44میں سے6باقی ہیں۔پنجاب حکومت نے ہر ضلع میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے ایک ٹاسک فورس قائم کررکھی ہے۔راولپنڈی ضلع میں ایم پی اے افتخار وارثی ٹاسک فورس کےچیئر مین اور اے ڈی سی آر عارف رحیم سیکرٹری ہیں۔جس میں مختلف محموں کے علاوہ عوامی نمائندے بھی شامل ہیں۔مراسلے کے حوالے سے رابطہ کرنے پر ایم پی اے افتخار روارثی نے کہا کہ ٹاسک فورس کو درست صورتحال سے آگاہ نہیں کیا جاتا۔جس کا نوٹس لیا ہے اور اس صورتحال کو درست کیا جائے گا۔