بولی وڈ کو سیاست سے دور رکھنا چاہئے،کالکی کوچلن

March 20, 2017

ممبئی(ایجنسیاں)بولی وڈ اداکارہ ودیا بالن کے بعد کالکی کوچلن بھی ہندو انتہا پسندوں اور بھارتی حکومت کی جانب سے بولی وڈ کو سیاست میں گھسیٹنے پر سیخ پا ہوگئیں۔بولی وڈ میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی عائد ہے جب کہ فلم نگری کے کئی ہدایتکارو اداکار بھی پاکستانی فنکاروں پر پابندی کی سخت مخالفت کرچکے ہیں جس میں مہیش بھٹ اور ودیا بالن سمیت کئی شامل ہیں لیکن اب ایک اور اداکارہ بھی بولی وڈ کو قومی سیاست میں دھکیلنے پر پھٹ پڑی ہیں۔کالکی کوچلن نے کہا کہ بولی وڈ کودونوں ممالک کی کشیدگی میں زبردستی گھسیٹا جاتا ہے، فلم نگری کوئی این جی او نہیں جو ملک کے ہر سیاسی مسئلے میں اٹھ کھڑی ہوگی بلکہ ایک بزنس کی کمائی کا ذریعہ ہے جسے سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔بھارتی اداکارہ نے کہا کہ پاکستان میں بولی وڈ فلموں کو بے حد پسند کیا جاتا ہے اسی لیے لوگ مجھے بھی فلم ’’یہ جوانی ہے دیوانی‘‘ کی وجہ سے جانتے ہیں جب کہ پاکستان اور بھارت کو قریب لانے میں بولی وڈ اور کرکٹ اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ سال کالکی کوچلن پاکستان کا دورے پر آئی تھیں اور کئی روز قیام کیا تھا۔