اسپیکر کے خلاف درخواست موصول ہو چکی،طریقہ کار کے مطابق کارروائی ہو گی

March 20, 2017

پشاور( نمائندہ جنگ) ڈائریکٹر جنرل نیب خیبر پختونخوا شہزاد سلیم نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کے خلاف الزامات سنگین نوعیت کے ہیں جن کی تحقیقات ناگزیر ہے۔ تاہم ان کے خلاف کارروائی نیب کے مروجہ قواعد اور قانون کے مطابق ہی ہو گی۔ شہزاد سلیم نے سپیکر اسد قیصر کے خلاف درخواست ملنے کی تصدیق کی اور کہا کہ اسد قیصر کے خلاف بہت ہی مخصوص اور سنگین نوعیت کے الزامات لگائے گئے ہیں جن کی تحقیقات ضروری ہے۔تاہم ڈی جی نیب نے کہاکہ قومی احتساب بیور وکے قواعد کے تحت ایسے کیسز میں تحقیقات کے لئے چئیر مین نیب کی اجازت درکار ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درخواست موصول ہو چکی ہے جس پر مروجہ طریقہ کار کے تحت عمل درآمد جاری ہے اور کوئی بھی کارروائی نیب قانون کے مطابق ہی کی جائے گی۔ نیب ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کیخلاف بدعنوانی کے سنگین الزامات ہیں جن کا جائزہ لیا جارہاہے ، یہ تاثر درست نہیں کہ نیب صوبائی سپیکر کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کررہا۔ ذرائع کاکہناہے کہ اسد قیصر کےخلاف کرپشن کے الزامات پر مبنی ایک شکایت نیب کو موصول ہوئی تھی اس پر کارروائی ہورہی ہے اور قانون کے مطابق الزامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔