شرجیل میمن کی گرفتاری قانون شکنی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

March 21, 2017

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود شرجیل میمن کو گرفتار کر کے قانون شکنی کی گئی، سابق صوبائی وزیر کو گرفتار کرنے والوں کو سزا دی جائے۔

کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن سے پوچھ گچھ کرنا ہی تھی تو ایئرپورٹ سے باہر آنے پر ہی کرنی چاہیے تھی، ایم پی اے کو جہاز کی سیڑھیوں سے تحویل میں لینا کون سا طریقہ ہے ۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پہلے بجلی کی مد میں زیادتی ہوئی اور اب سندھ کے پانی کا کوٹہ بھی پچاس فیصد کم کردیا گیا ہے ، انہوں نے معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں لے جانے کا اعلان کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بجلی کی پیداوار بڑھانے اور لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعووں پر کوئی اعتراض نہیں، مگر سندھ کو ان دعووں کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے، بجلی پیدا کرنے کے چکر میں تربیلا ڈیم اور منگلہ ڈیم ڈیڈ لیول پر آگئے، دریائے سندھ کا پانی جہلم اور چشمہ میں منتقل کیا جارہا ہے، وفاق نے سندھ میں پانی کا مسئلہ پیدا کردیا، معاملہ مناسب فورم پر اُٹھائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مطالبہ کیا کہ تربیلا ڈیم اور منگلاڈیم کاانتظام واپڈا سے لے کر سندھ اور بلوچستان کے سپرد کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے معاملے میں بھی سندھ سے زیادتی کی گئی ہے۔