بھارت نے امریکا سے جدید توپیں حاصل کرلیں چینی سرحدپر نصب کی جائینگی، بھارتی میڈیا

May 19, 2017

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت نے 30برسوں بعد امریکا سے پہلی کھیپ کے طور پر فضا میں دورتک مار کرنے والی جدید ترین دو توپیں حاصل کرلی ہیں جو بھارتی میڈیا کے مطابق چین کی سرحد پر نصب کی جائیں گی۔ M777sہاوٹزرز ــــــــ ــ نامی یہ جدید توپیں بھارت اور امریکا کے درمیان 2016میں ہونے والے 750ملین امریکی ڈالر کےمعاہدے کے تحت جمعرات کو نئی دہلی پہنچی ہیں جو پہلے راجستھان کے فائرنگ رینج پوکھران لے جائی جائیں گی۔امریکہ اسی معاہدے کے تحت مزید جدید اسلحہ کے ساتھ ساتھ مزید 145الٹرا لائٹ توپیں بھی فراہم کرے گا۔ اس وقت پوری دنیا میں ایک ہزار کے قریب توپیں زیر استعمال ہیں اور یہی جدید توپیں امریکا نے افغانستان اور عراق جنگ میں استعمال کیں ہیں ان توپوں کو استعمال کرنے والا بھارت تیسرا ملک ہوگا۔ امریکا ان دو توپوں کے علاوہ 25مزید بنے بنائے جدید ہتھیار اگلے دو سالوں میں بھارت کو فراہم کرے گا۔ جبکہ امریکی مدد سے بھارت 120ایسی توپیں بھارت میں خود تیار کرے گاان توپوں کا وزن صرف 4218کلو گرام ہے اور ہیلی کاپٹر سے کہیں بھی کم وقت میں نصب کی جاسکتی ہیں۔