واٹس ایپ کال کے معاملے پر اسٹیٹ بینک کا خط سامنے آگیا

June 02, 2017

کراچی(ٹی وی رپورٹ)واٹس ایپ کال کے معاملے پر اسٹیٹ بینک کا خط سامنے آگیا۔ایک رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کے اس خط میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کو 27مئی کو 2 بج کر40 منٹ پر واٹس ایپ کال موصول ہوئی،خط کے مطابق کالر نے اپنا تعارف رجسٹرار سپریم کورٹ ارباب محمد عارف کے طور پر کرایا، خط میں کہا گیا ہے کہ کالر نے کہا سپریم کورٹ اسٹیٹ بینک کو ایک میمو جاری کر رہی ہے۔خط کےمتن کے مطابق میمو میں جے آئی ٹی کےلیے دو نئے نام دینے کا کہا جائے گا۔خط کےمتن کے مطابق اسٹیٹ بینک اپنی لسٹ میں عامر عزیز کا نام بھی شامل کرے۔ اس کال کے 15 منٹ بعد سپریم کورٹ کا میمو گورنر کی فیکس پر موصول ہوا،خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے میمو میں دو نئے نام مانگے گئے تھے۔ میمو میں کوئی خاص نام بھجنے کی کوئی ہدایت نہیں تھی۔ فیکس میں 28 اپریل تک 2نئے نام بھجوانے کا کہا گیا تھا۔خط میں کہا گیا ہے کہ فیکس موصول ہوتے ہی بیرون ملک موجود وگورنر اسٹیٹ بینک سے رابطہ کیا گیا۔ فیکس کے بعد اسٹیٹ بینک کے اعلیٰ حکام کا اجلاس بلایا گیا اسٹیٹ بینک کے اعلیٰ حکام نے گورنر کو جے آئی ٹی کےلیے 3 نام تجویز کیے، خط کے مطابق ان میں3ڈائرکٹرز محمد جاوید اسماعیل، غلام محمد عباسی اور سلیم اللہ کے نام شامل تھے، گورنر نے ان میں سے محمد جاویداسماعیل اور سلیم اللہ کے ناموں پر اتفاق کیا۔