ورلڈ اسکریبل چیمپئن شپ کا میزبان تبدیل، قطر سے انگلینڈ منتقل

June 30, 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مائنڈ اسپورٹس انٹرنیشنل کے زیراہتمام ورلڈ اسکریبل چیمپئن شپ اور ورلڈ جونئیر اسکریبل چیمپئن شپ رواں سال اگست میں قطر کے درالحکومت دوحہ میں شیڈول تھی۔ پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر یوتھ پروگرام طارق پرویز کے مطابق خطے کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کے باعث ایونٹ کو انگلینڈ کے شہر ناٹنگھم منتقل کردیا گیا۔ اب ورلڈ جونئیر اسکریبل چیمپئن شپ 19سے 21اگست جبکہ ورلڈ اسکریبل چیمپئن شپ 22سے 27اگست تک ناٹنگھم ٹرینٹ یونیورسٹی میں منعقد ہوگی۔ دونوں ایونٹس میں بیس پلئیرزپاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ طارق پرویز کے مطابق سابق ورلڈ یوتھ چیمپئن معیذ اللہ بیگ، عبداللہ عباسی اور ہادی برادرز جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی موجودگی میں پاکستان ورلڈ جونئیر اسکریبل چیمپئن شپ جیتنے کیلئے فیورٹ ہے۔ پاکستان نے گزشتہ سال فرانس میں ہونے والی ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں انڈر10، انڈر12 اورانڈر 14ٹائٹلزجیتے تھے۔ دونوں ایونٹس کیلئے پاکستان کی حتمی بیس رکنی ٹیم کا اعلان 7 سے 9 جولائی تک ہونے والے ٹرائلزکے بعد کیا جائے گا۔