صدارتی انتخابات میںمداخلت، امریکی کانگریس روس پر نئی پابندیوں کیلئے قانون سازی پر متفق

July 24, 2017

واشنگٹن (جنگ نیوز) امریکی کانگریس میں دونوں جماعتوں کے رہنما صدارتی انتخابات میں روس کی مبینہ مداخلت پر اس کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کے لیے قانون سازی پر رضامند ہو گئے ہیں۔نئے قانون کے تحت روس پر سے پابندیاں اٹھانے کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اختیارات بہت محدود ہو جائیں گے۔اس بل میں شمالی کوریا اور ایران پر بھی مزید پابندیاں عائد کرنے کا امکان ہے۔

اس بل کے تحت روس پر 2014 میں کریمیا پر قبضہ کرنے اور امریکی انتخاب میں مبینہ طور پر مداخلت کرنے پر نئی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔ صدر ٹرمپ کی صدارت میں روس کی جانب سے امریکی انتخاب میں مبینہ مداخلت کا بہت شور برپا ہے۔تاہم ماسکو کی جانب سے مداخلت کے الزام کو رد کیا جا رہا ہے۔نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کا مطلب یہ ہے کہ کانگریس روس کے خلاف سخت گیر موقف اپنائے گی چاہے صدر ٹرمپ کا جو بھی موقف ہو۔

اگرچہ اس بل کو صدر ٹرمپ ویٹو کر سکتے ہیں لیکن ایسا کرنے کا مطلب یہ اشارے دینا ہے کہ وہ روس کے بہت زیادہ حامی ہیں۔لیکن اگر وہ اس بل کو ویٹو نہیں کرتے تو وہ اس بل کی منظوری دیں گے جس کے خلاف ان کی انتظامیہ ہے۔سینیٹ کی فارن ریلیشنز کمیٹی میں ڈیموکریٹ جماعت کے سینیئر ترین رہنما سینیٹر بین کارڈن کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتیں شدید بحث کے بعد اس بل پر متفق ہوئیں۔متفق کانگریس امریکی صدر کو عوام اور اتحادیوں کی جانب سے یہ واضح پیغام دینا چاہتی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ صدر ٹرمپ یہ پیغام آگے پہنچا ئیں۔سینیٹ میں ڈیموکریٹ جماعت کے رہنما چک شومر نے کہا کہ ایوان نمائندگان اور سینیٹ اس بل پر جلد از جلد عمل کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پابند یو ں کے حوالے سے ایک مضبوط بل کی ضرورت تھی۔

یاد رہے کہ گذشتہ دسمبر میں اس وقت کے صدر براک اوباما نے الیکشن ہیکنگ کے حوالے سے 35 روسی سفارتکا رو ں کو ملک چھوڑ دینے کا حکم دیا تھا اور دو روسی کمپاؤنڈ بند کر دیے گئے تھے۔روس نے مطالبہ کیا تھا کہ امریکا قبضے میں لیے گئے دونوں کمپاؤنڈ کو روس کے حوالے کرے اور اگر ایسا نہیں کیا گیا تو روس جوابی کارروائی کرے گا۔گذشتہ ہفتے اعلیٰ سطح کی بات چیت کے بعد ایک روسی اہلکار نے کہا تھا کہ کمپاؤنڈ کا مسئلہ تقریباً حل ہو گیا ہے۔تاہم اس نئے بل کے تحت صدر ٹرمپ پابندیوں میں تبدیلی یا سفارتی جائیداد کی واپسی کانگریس کی منظو ر ی کے بغیر نہیں کر سکتے۔