روہنگیا مسلمانوں کی امداد:سعودی ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی

September 21, 2017

سعودی ایوان شاہی کے مشیر عبداللہ الربیعی نے کہاہے کہ شاہ سلمان کی ہدایت پر ہنگامی بنیادوں پر روہنگیا مسلم پناہ گزینوں کی مدد کی جائےگی۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان سینٹر برائے امداد و انسانی خدمات کی خصوصی ٹیم روہنگیا مسلمانوں کے تمام حالات کا جائزہ لینے کیلئے بنگلہ دیش کا دورہ کرےگی اور جائزے کے تناظر میں امدادی سرگرمیوں کا پروگرام مرتب کرے گی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ وہ روہنگیا مسلم پناہ گزینوں کی مدد کیلئے بنگلہ دیش میں امدادی ٹیم تعینات کرے گا۔

جہاں اس وقت ایک اندازے کے مطابق چار لاکھ سے زیادہ روہنگیا مسلمان برمی فوج اور بدمت کے ماننے والے انتہا پسندوں کی جانب سے جاری نسل کشی سے بچنے کے لیے بنگلہ دیش کے علاقے کاکس بازار اور دیگر سرحدی پٹی میں پناہ گزین ہیں اور غیرانسانی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔