پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں کے آئینی کردار سے جمہوریت مستحکم ہوگی،رضاربانی

September 26, 2017

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ اگر پارلیمان کے دونوں ایوان اور صوبائی اسمبلیاں اپناآئینی کردار ادا کریں تو ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی ۔

اختیارات محدود کرنے سے دیگر ادارے پارلیمان کی حدود میں داخل ہونگے،انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے اختیارات اور دائرہ کار کو محدود کریں گے تو دیگر ادارے پارلیمان کی حدود میں جب چاہیں گے داخل ہونگے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بلوچستان اسمبلی کی کمیٹیوں کے چیئرمینوں ، ارکان اور صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ پر مشتمل وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بلوچستان اسمبلی کی سپیکر راحیلہ حمید درانی کی قیادت میں پیر کو ایوان بالا کا دورہ کیا ۔چیئرمین سینٹ نے کہا کہ اقتدار کے تکون میں پارلیمان سب سے کمزور ادارہ ہے اور اس کے دائرہ اختیار میں اکثر دیگر دو اداروں نے مداخلت کی ہے ۔ہاؤس آف فیڈریشن اور صوبائی اکائیوں کے مابین روابط کو مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفاد ہ کرنے کیلئے باقاعدہ نظام وضع کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نظام کی روح کمیٹی سسٹم ہے ۔بلوچستان اسمبلی کی سپیکر نے چیئرمین سینٹ کو بتایا کہ ایوان بالاکی طرز پر بلوچستان اسمبلی میں بھی کونسل آف چیئرمین بنائی گئی ہے ۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی اور سیکرٹری سینٹ امجد پرویز ملک نے کمیٹیوں کے نظام کو زیادہ موثر بنانے،صوبائی اسمبلیوں کے ساتھ بہتر رابطے اور دیگر شعبوں میں بہتری کیلئے ایوان بالا کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے ارکان کی ٹریننگ کیلئے ایوان بالاء کی طرف سے بھر پور معاونت کی پیشکش کی ۔