پنجاب اورسندھ کی979 کاٹن جننگ فیکٹریوں میں کام شروع

October 19, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کاٹن جنرزایسوسی ایشن کے مطابق 15 اکتوبر سے پنجاب اورسندھ کی979 جننگ فیکٹریوں میں جننگ کا کام شروع ہوگیاہے، ملک بھرمیں تقریباََ1300جننگ فیکٹریاںہیں جن میں سے سندھ کی294 اورپنجاب کی 685جننگ فیکٹریوںمیں کپاس کی بھرپور فصل کی آمدکے ساتھ ہی جننگ کا کام شروع ہوگیا ہے۔پی سی جی اےکے مطابق برآمدکنندگان نے 15 اکتوبر2017ء تک ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں سے ایک لاکھ80 ہزار602گانٹھ روئی کی خریداری کی، برآمدکنندگان نے پنجاب سے 15 اکتوبر 2017ءتک 22 ہزارگانٹھ جبکہ صوبہ سندھ سے 15 اکتوبر 2017ءتک ایک لاکھ58 ہزار602گانٹھ روئی کی خریداری کرلی۔دریں اثناء پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق پنجاب کے کپاس پیدا کرنے و الے 21 اضلاع میں سے 3 اضلاع اوکاڑہ ،جھنگ اور میانوالی جبکہ سندھ کے 11میں سے 3 اضلاع میں میرپور خاص، دادو اور بدین کپاس کی پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ضلع اوکاڑہ میں کپاس کی پیداوار میں گزشتہ سال کے اسی عرصہ کی پیداوار کے مقابلے میں 3.77 فیصد،جھنگ میں 13.55 فیصداور ضلع میانوالی میں کپاس کی پیداوار میں 28.10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے،سندھ کے ضلع میرپور خاص میں کپاس کی پیداوار میں 2.53فیصد ،دادو میں 15.14فیصد اور ضلع بدین کی پیداوار میں 28.55فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔