ملک کی ترقی اسلامی نظام کے نفاذ میں مضمر ہے, سعید الرحمان

October 20, 2017

پشاور(سٹی رپورٹر) ضلع کونسل پشاور میں سیرٹ کمیٹی کے چیئرمین و پاکستان راہ حق پارٹی کے پارلیمانی لیڈر الحاج سعید الرحمان صافی نے صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان کی جانب سے خلفائے راشدین کی شہادت کے ایام پر عام تعطیل کو یقینی بنانے کی یقین دہانی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم محرم الحرام اور دس محرم الحرام کی طرح دیگر خلفائے راشدین کے یوم شہادت کے موقع پر عام تعطیل سے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا‘ اس دن کو سرکاری طور پر منانے سے عوام خلفائے راشدین کی زندگی اور کارناموں سے روشناس ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مملکت خداداد میں اسلامی نظام اور اس پر عملدرآمد یقینی نہیں ہوگا اس وقت تک ملک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا امت مسلمہ کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ وہ حضورﷺ اور خلفائے راشدین کی حیات پاک کی پیروی کرے اور ان کے احکامات کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھالیں اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کو اپنا شعار بنائیں تب ہی انفرادی اور اجتماعی طور پر امت مسلمہ کے مسائل حل ہو سکتے ہیں اور وہ خوشحال اور پر سکون زندگی گزارنے کے قابل ہو سکتے ہیں ۔