پی پی آج پشاور اور پی ٹی آئی سندھ میں طاقت کا مظاہرہ کرے گی

October 22, 2017

پیپلز پارٹی آج پشاور اور تحریک انصاف سندھ میںطاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری حلقہ این اے 4 میں جلسے سے خطاب کریں گے اور عمران خان آج سہون میں پنڈال سجائیںگے ۔

وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے سندھ میں جلسے نہیں ،جلسیاں ہوتی ہیں۔

سکھر میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ناصر شاہ نے عمران خان کو بدتمیز خان قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے ہمیشہ تبدیلی اورکرپشن کی باتیں کیں،مگر ان کے اپنے وزیر کرپشن میں ملوث ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو پہلے گرفتار کیا جاتا تھا اور اس پر کیس بعد میں بنا کرتے تھے۔

دوسری جانب آئی تحریک انصاف آج پیپلز پارٹی کے گڑھ سہون میں پنڈال سجائے گی ، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خطاب کریںگے۔

عمران خان نے جلسے سے پہلے سندھ کے عوام کے نام پیغام میںکہا ہے کہ سب سے زیادہ تبدیلی کی ضروت سندھ میں ہے، کیونکہ سب سے زیادہ لوٹ مار اور پیسہ سندھ کے لوگوں کا لوٹا گیا ہے جو باہر بھیجا گیا۔