کینیڈا، برفانی دور کا 15؍ ہزار سال پرانا غار ڈھونڈ نکالا

December 07, 2017

کینیڈا میں دو شوقیہ کھوجیوں نے صرف ڈرل مشین اور ہتھوڑے کی مدد سے کھدائی کرتے ہوئے برفانی دور کا 15؍ ہزار سال پرانا غار ڈھونڈ نکالا ہے جو مونٹریال شہر سے صرف 30؍ فٹ نیچے موجود ہے۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں کھوجیوں ڈینئل کیرون اور لوچ لا بلانک نے موجودہ غار کی چونے سے بنی قدیم دیواروں کو توڑ کر یہ قدیم غار دریافت کیا، غار میں جانے کے بعد ہی انہیں اس بات کا احساس ہوا کہ انہوں نے زیر زمین گلیوں کا ایک بڑا جال تلاش کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، کھدائی کے دوران جب انہوں نے موجودہ غار کی دیوار توڑی تو انہیں دو سمت میں جانے والا ایک راستہ دکھائی دیا جو تقریباً 200؍ میٹر طویل اور 3؍ میٹر چوڑا تھا جبکہ اس کی چھت 20؍ فٹ اونچی تھیں۔

سی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے دونوں دوستوں کا کہنا تھا کہ زمین پر اس طرح کی دریافت کرنے کیلئے کم از کم سیکڑوں سال انتظار کرنا پڑتا ہے کیونکہ ایسی چیزیں طویل عرصہ کے بعد ہی نظر آتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ غار کچھ مقامات پر 15؍ فٹ تک گہرا ہے۔ اس غار تک گھٹنوں کے بل کیچڑ سے چل کر پہنچا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس غار کے جن حصوں (چیمبرز) کو دریافت کیا ہے وہ برفانی دور میں ہزارو ں قبل گلیشیئرز کی زبردست قوت اور جمائو کی وجہ سے بنے ہیں۔