سیاہ فام، ایشیائی اورنسلی اقلیتوں کی تنخواہوں میں خلیج پر مبنی اعداد و شمار شائع ہونگے

December 12, 2017

لندن (پی اے) لندن کے میئر عدم مساوات کے خاتمے کے لیے اپنی کوشش کے تحت سیاہ فام، ایشیائی اور نسلی اقلیتوں (بی اے ایم ای) پر اثر اندوز ہونے والی تنخواہوں میں خلیج پر مبنی اعداد و شمار شائع کریں گے۔ صادق خان نے کہا ہے کہ اس اقدام کے تحت سٹی ہال اور گریٹر لندن اتھارٹی بھر بشمول ٹرانسپورٹ فار لندن اور میٹرو پولیٹن پولیس میں سٹاف کی تنخواہوں کے اعداد و شمار شامل ہوں گے۔ گزشتہ سال ہونے والے ایک آڈٹ سے یہ بات سامنے آئی کہ سٹی ہال میں ملازم خواتین کو اوسط21.40پونڈز فی گھنٹہ کی ادائیگی کی جارہی ہے، جبکہ ان کے مرد ہم عصروں کو22.44پونڈز فی گھنٹہ مل رہے ہیں۔ میئر نے کہا کہ ہم اپنے شہر میں مختلف النوع پس منظر کے حامل افراد کو لانے میں درست طور پر چیمپئن ہیں، مگر اکثر بی اے ایم ای کمیونٹی میں شامل افراد کو لندن کے دیگر شہریوں سے کم اجرتیں مل رہی ہیں۔ جتنا عرصہ یہ ناانصافی جاری رہے گی۔ یہ ہمارے شہر کے لیے ایک داغ ہے اور میری پوری کوشش ہوگی کہ اس کا خاتمہ کرسکوں۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجوہات بہت گہری ہوسکتی ہیں اور یہ نہ صرف انفرادی طور پر بلکہ ان کے خاندانوں اور ان کے مستقبل کے لیے بھی نقصان کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناانصافی اور عدم مساوات کا خاتمہ کرنے کے لیے اس صورتحال کو ختم کرنا انتہائی ضروری ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں نے انتظار کی بجائے اس کے خاتمے کی کوشش کی ہے۔ میئر لندن نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں گریٹر لندن اتھارٹی میں نسلی بنیاد پر تنخواہوں میں فرق کی پوری تفصیلات جلد شائع کروں گا، جبکہ اس کے ساتھ ایک ایکشن پلان بھی مرتب کیا جائے گا کہ مسئلہ سے کس طرح نمٹا جاسکے گا۔ صادق خان نے کہا کہ اس اقدام کی قیادت میں سٹی ہال کی مثال کے ذریعے کروں گا اور میں لندن کے تمام بزنسز سے درخواست کروں گا کہ اس کام میں میرے ساتھ شریک ہوں اور دیکھیں کہ اس ناانصافی کے خاتمے کے لیے وہ کیا کرسکتے ہیں۔