عوام بھوکے رہیں، پیسے میٹرو پرلگادیں توکیا ملے گا؟ عمران خان

March 17, 2018

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ عوام بھوکے پیاسے رہیں اور میٹرو پر پیسے لگا دیے جائیں تو لوگوں کو کیا ملےگا، وسائل ہونے کے باوجود ملک ترقی سے محروم ہو تو بد نصیبی ہے۔

عمران خان نے لاہور میں خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جو لیڈرشپ عدلیہ سمیت دوسرے اداروں کو مضبوط کرتی ہے وہی اپنا ملک مضبوط بناتی ہے،کوئی ملک تباہ کرنا ہو تو اس کے اداروں پر قبضہ کرلیں، ملک تباہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیاست اقتدار اور طاقت کے حصول کے لیے کی جاتی ہے، تحریک عوام کی فلاح اور بھلائی کے لیے چلائی جاتی ہے، تحریکوں کی کامیابی کا کوئی وقت متعین نہیں ہوتا۔

عمران خان نے کہا کہ باپ بیٹی نے رونا دھونا لگایا ہوا ہے کہ انہیں کیوں نکالا، ایک ہی کسر رہ گئی ہے کہ انہیں چوری کی اجازت دے دی جائے، وہ تو اچھا ہوا کہ یہ سینیٹ کا الیکشن ہار گئے، ورنہ شریف فیملی کو چوری کی اجازت دینے کا قانون بنا دیتے ۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ لاہور آلودگی سے سب سے زیادہ متاثر ہے، پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچہ اسکول کی تعلیم سے محروم ہیں، نئے پاکستان کا مطلب قائداعظم اور اقبال کے خواب کی تعبیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اچھی لیڈر شپ کی وجہ سے ترقی کرتے ہیں، تحریک عوام کی فلاح اور بھلائی کے لیے چلائی جاتی ہے، تحریک کے مشکل سفر پر میرا ساتھ دینے والی خواتین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ اس موقع پر سلومی بخاری کو یاد نہ کیا جائے،تحریکوں کی کامیابی کا کوئی وقت متعین نہیں ہوتا،قائداعظم کی تحریک کامیاب ہونے میں 40 برس لگ گئے۔