اسپاٹ فکسنگ میں شرجیل کی سزا کیخلاف اپیل ناقابل سماعت قرار

March 19, 2018

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں کرکٹر شرجیل خان کی جانب سے پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹریبونل کی جانب سے سنائی گئی سزا کے خلاف اپیل ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے کرکٹر شرجیل خان کی اپیل پر سماعت کی۔

پی ایس ایل میں گزشتہ برس اسپاٹ فکسنگ کا معاملہ سامنے آنے پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹریبونل نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے شرجیل خان کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

پی سی بی کی طرف سے تفضل رضوی جبکہ وفاق کی طرف سے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے دلائل دیے اور موقف اختیار کیا کہ شرجیل خان کو لاہور میں ٹربیونل نے سزا سنائی، اسلام آباد ہائی کورٹ کو اپیل پر سماعت کا اختیار نہیں۔

ادھر جسٹس عامر فاروق نے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے دائرہ اختیار کی بنیاد پر اپیل کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیا۔