متاثرینِ ایڈن ہائوسنگ اسکیم کا نیب دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

April 20, 2018

لاہور ( نیوزرپورٹر) ایڈن ہائوسنگ سکیم کے متاثرین نے گزشتہ روز نیب دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور نعرے بازی کی ۔ ڈی جی نیب سلیم شہزاد نے متاثرین سے ملاقات کر کے انہیں انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔نیب حکام نے کہا کہ جائیدادوں کی فروخت سے اور ملزموں سےوصول ہونے والی رقوم کو تمام متاثرین میں منافع کے ساتھ تقسیم کیا جائے گا جس پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔ نیب ترجمان کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے ایڈن ہائوسنگ کیس میں موجودہ پوزیشن واضح کر دی گئی ، نیب لاہور قانون کے مطابق میرٹ اور صرف میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش/تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے، ایڈن انتظامیہ کے خلاف باقاعدہ کریمنل پروسیڈنگ کا آغاز کیا جا چکا ہے، ایڈن انتظامیہ کی اربوں روپے مالیت کی مکمل جائیدادیں اور بینک اکائونٹس کو بھی منجمد کیا جا چکا ہے، ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کو ایڈن انتظامیہ کی تمام گاڑیوں کی فروخت و ٹرانسفر کے حوالے سے پابند کر دیا گیا ہے،ایڈن انتظامیہ کے ارکان کے ممکنہ ملک سے فرار کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے فروری 2018ء میں ہی وزارت داخلہ کومراسلہ ارسال کر دیا گیا تھا لیکن یہ گزشتہ 2 ماہ سے وزارت داخلہ میں التواء کا شکار ہے ، نیب حکام کی جانب سے ایڈن ہائوسنگ پراجیکٹس کے مالک ڈاکٹر امجد کا پاسپورٹ بلیک لسٹ کروایا جا چکا ہے، جبکہ دیگر شریک پارٹنرز کے پاسپورٹ بھی بلیک لسٹ کروانیکی کوششیں جاری ہیں،نیب لاہور کی ذاتی مداخلت اور گارنٹی پر ایڈن بلیوارڈ پراجیکٹ کی منقطع بجلی کو لیسکو سے بحال کروایا گیا۔