الیکشن کمیشن نے انتخابات میں پیشگی دھاندلی کی بنیاد رکھ دی،قاری عثمان

May 23, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 2018 کے انتخابات میں غریب اور عوامی امیدوار کا راستہ روکنے کیلئے پیشگی دھاندلی کی بنیاد رکھ دی ہے،قومی اسمبلی کیلئے فیس 4 ہزار سے 30 ہزار اور صوبائی اسمبلی کی 2 ہزار سے 20 ہزار مقرر کرنا جاگیردار اور سرمایہ دار کو قبضہ دینے کے مترادف ہے، الیکشن کمیشن نے غریب سے جینے کا حق چھین کر غریب پر ایوانوں کے راستے بند کردئیے، کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ نے بھی ماہ مبارک میں شہریوں کا ناطقہ بند کر دیا ہے، وہ اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے، قاری محمد عثمان نے کہا کہ 2018کی دھاندلی کے مقابلے میں 2013 کی دھاندلی کو لوگ بھول جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی تھی کہ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر الیکشن کمیشن قومی و صوبائی اسمبلیوں کی فیس اور اخراجات کی شرح کم سے کم مقرر کرکے اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جاتے تاکہ ایماندار اور صادق وامین افراد کامیابی کے بعد ملک کوصالح قیادت فراہم کرتے، قاری محمد عثمان نے کہا کہ یہ حربے متحدہ مجلس عمل کا راستہ روکنے کیلئے کئے جارہے ہیں مگر ان شاء اللہ پاکستان کے غیور مسلمان 2018 میں دینی قیادت کو ووٹ دیکر متحدہ مجلس عمل کو کامیاب بنائیں گے، قاری محمد عثمان نے اس شدید گرمی میں روزہ داروں پر پانی وبجلی کے بحران مسلط کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ اپنا قبلہ درست کرکے شہریوں کی بددعائیں لینا بند کریں اور پانی وبجلی کی سپلائی کویقینی بنائیں۔