نواز شریف نے چیرمین نیب کو قانونی نوٹس بھجوادیا

May 24, 2018

سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے چیرمین نیب جسٹس رٹائرڈ جاوید اقبال کو قانونی نوٹس بھجوادیا۔

سابق وزيراعظم نواز شریف کی جانب سے چیرمین نیب جسٹس رٹائرڈ جاوید اقبال کو بھیجے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہےکہ چیرمین نیب توہین آمیز پریس ریلیز پر 14 روز میں معافی مانگیں ، انگریزی اور اردو کے اخبارات میں باقاعدہ معافی شائع کرائی جائے ، چیرمین نیب 14 روز میں ایک ارب روپے کا ہرجانہ ادا کریں، معافی نہ مانگنے اور ہرجانہ ادا نہ کرنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

نواز شریف کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں مزید کہا گیا ہےکہ 8 مئی کو نیب نے جھوٹی اور توہین آمیز پریس ریلیز جاری کی، جس میں سابق وزیراعظم پر بھارت میں منی لانڈرنگ سے 4.9 ارب منتقل کرنے کا الزام لگایا گیا۔

جن میڈیا رپورٹس پر نوٹس لیا گیا 8 مئی کی پریس ریلیز میں انکا حوالہ بھی نہیں دیا گیا، ورلڈ بینک اور اسٹیٹ بینک کی وضاحت کے باوجود ایک اور پریس ریلیز 9 مئی کو جاری کی گئی، ورلڈ بینک نے آٹھ مئی کو وضاحت، الزامات کی نفی کر دی تھی۔