جاپان :چوری شدہ گاڑیوں کا کاروبار، پولیس حرکت میں آگئی

May 26, 2018

پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کہا ہے کہ جاپان میں مقیم پاکستانیوں میں موجود چند کالی بھیڑیں چوری شدہ گاڑیوں اور ٹرکوں کے کاروبار میں ملوث ہیں جنھیں جاپانی پولیس گرفتار کررہی ہے ۔

رانا عابد حسین نے پاکستانی کمیونٹی سے درخواست کی ہے کہ اگر آپ کی نظر میں کوئی بھی چوری کی گاڑیوں یا ٹرکوں کے کاروبار میں ملوث ہے تو فوری طور پر جاپانی پولیس کو اطلاع دیکر نہ صرف جاپان کے قانون پر عمل درامد کریں بلکہ پاکستان کی نیک نامی میں بھی کردار ادا کریں۔

کونسل کے صدر نے کہا کہ پاکستانیوں کی چوری کی گاڑیوں کے الزام میں گرفتاری تشویش ناک ہے ، تمام پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ شارٹ کٹ سے امیر بننے کے چکر میں غیر قانونی کاروبار سے گریز کریں اور اپنی محنت سے مرحلے وار ترقی کی راہ اپنائیں ۔

ان کا کہنا ہے کہ شارٹ کٹ اور غیر قانونی طریقے سے حاصل ہونے والی کامیابی مستقل نہیں ہوتی جبکہ مرحلے وار کامیابی مستقل رہتی ہے، انھوں نے کہا کہ وہ خود جاپان میں اخبارات بیچ کر ، پیٹرول پمپ میں کام کرکے ترقی کرکے آگے پڑھے ہیں اور آج جاپان کے معروف ترین آٹوموبال کمپنی میں ایڈوائزر کے طورپر خدمات انجام دے رہے ہیں یہی ہمارے دین کا بھی حکم ہے کہ غیر قانونی کاموں سے بچیں ۔

رمضان المبارک ہیں ہم سب کو جاپان میں اسللام اور پاکستان کی سربلندی کے لیے نہ صرف اپنا کردار ادا کرنا چاہیے بلکہ ہر غیر قانونی کام کو روکنے کے لیے جاپانی پولیس کو آگاہ کرنا چاہیے اسی میں اسلام اور پاکستان کی نیک نامی ہے ۔