عید کا دوسرا دن، کراچی کے مختلف تفریحی مقامات پر شدید ٹریفک جام

June 18, 2018

عید کے دوسرے دن کراچی کے مختلف تفریحی مقامات پر شدید ٹریفک جام نے شہریوں کو کوفت اور پریشانی میں مبتلا کردیا، راشد منہاس روڈ ، یونی ورسٹی روڈ اور کارساز شارع فیصل پر گاڑیوں کی طویل قطاروں نے شہریوں کا خوب امتحان لیا ۔

عید پر کراچی کی سڑکوں کا حال دیکھیں تو یوں لگتا ہے جیسے پورا شہر باہر نکل آیا، ایک طرف بریک لائٹس کی قطاریں ہیں تو برابر والی سڑک پر ہیڈ لائٹس نے شہریوں کے صبر کا امتحان لیا۔

راشد منہاس روڈ پر گلشن چورنگی سے جس نے نیپا اور ڈرگ روڈ کی طرف جانے کا سوچا وہ بدترین ٹریفک جام میں جا پھنسا کیونکہ الہٰ دین پارک جانے والوں کا رش تھا کہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا تھا، یہی صورت حال سامنے والی روڈ پر سند باد جانے والوں کو درپیش رہی،غرض یہ کہ دونوں جانب ٹریفک جام وبال جان بن گیا۔

یونی ورسٹی روڈ کا حال کسی صورت بھی مختلف نہ رہا،عسکری ایمیوزمنٹ پارک جانے اور وہاں سے آنے والوں کے رش کی وجہ سے یونی ورسٹی روڈ پر بھی شہری گاڑیوں میں قید ہوکر رہ گئے،بمپر ٹو بمپر ٹریفک جام اور اس پر چیونٹی کی چال، منٹوں کا رستہ گھنٹوں پر محیط ہوگیا، کارساز روڈ سے شارع فیصل جانے والوں کو بھی کوفت اور مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔