یادگاری ٹکٹ کے اجراء پرجاپان کا مشکور ہوں ، جہانگیر خان

June 30, 2018

اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے خدمات کے اعتراف میں یاد گاری ٹکٹ جاری کرنے پر حکومت جاپان کا شکریہ ادا کرتے ہو ئےکہا ہے کہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں جاپان منفرد شناخت رکھتا ہے جس کا کوئی ثانی نہیں۔

پاک جاپان بزنس کونسل کی دعوت پر جاپان کے دورے پر موجود جہانگیر خان نے ناگویا ، کیوتو سمیت جاپان کی دیگر تارٰیخی مقامات کا دورہ بھی کیا ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے جہانگیر خان کا کہناتھا کہ جاپان کی اپنی تاریخ ہے جبکہ ٹیکنالوجی میں بھی جاپان کی الگ پہچان ہے خاص طور پر جاپان کی بلٹ ٹرینیں دنیا کی بہترین ٹرینیں ہیں جن کا دنیا میں کوئی ثانی نہیںاسی لئے جاپان کا ہردورہ دلچسپ ہوتا ہے۔

جہانگیر خان نے حکومت جاپان کا شکریہ ادا کیا جس نے ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری ٹکٹ جاری کیا ،انہوںنے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے جاپانی حکومت نے جہاگیر خان کو یہ اعزاز عطا کیا۔

اس موقع پر رانا عابد حسین نے کہا کہ یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ اللہ تعالی نے جہانگیر خان جیسے عظیم کھلاڑی کو پاکستان میں پیدا کیا جس نے پوری دنیا میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کیا اور ہمیشہ پاکستانی پاسپورٹ اور شناخت رکھنے پر فخر محسوس کیا۔

رانا عابد حسین نے کہا کہ وہ عنقریب جہانگیر خان کو کمیونٹی سے ملاقات کا پروگرام بھی مرتب کررہے ہیں تاکہ پاکستانی کمیونٹی بھی جہانگیر خان سے ملاقات کرسکے اور اپنے ہر دلعزیز کھلاڑی سے ملاقات کرسکے ۔