’طیفا ان ٹربل‘ نے کامیاب اوپننگ کا اعزاز جوانی پھر نہیں آنی سے چھین لیا ، پہلے دن ڈھائی کروڑ آمدنی، فلم دیکھنے کیلئے نوجوان، بچے اور خواتین کا سیلاب

July 22, 2018

Your browser doesnt support HTML5 video.


پاکستان کی سب سے بڑی فلم ”طیفا اِن ٹربل“ کی ریکارڈ توڑ اوپننگ ۔ لائٹ اینگل، مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ اور ”جیوفلمز“ کے تعاون سے پاکستان بھر میں ریلیز ہونے والی فلم نے پہلے ہی دِن میں تقریبا ڈھائی کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کرلی۔ اس طرح ”طیفہ اِن ٹربل“ نے پاکستان کی سب سے کامیاب اوپننگ کا اعزاز ”جوانی پھر نہیں آنی“ سے چھین لیاہے۔ نہ عید کا تہوار تھا نہ ہی کوئی اور چھٹی پھر بھی طیفا کے دیوانوں کا سنیما گھروں میں سیلاب نظر آیا۔ ایکشن ، گانے اور رومانس کی دِل کھول کر تعریفیں، بچے اور بڑے کیا ہر نوجوان اور فیملی طیفا کے گن گاتے دکھائی دی۔ سپر اسٹار علی ظفر، مایا علی، جاوید شیخ، فیصل قریشی سمیت اسٹار کاسٹ نے فلم دیکھنے والوں کے دِل جیت لئے ہیں۔ اُمید کی جارہی ہے کہ طیفا کے دیوانے اس فلم کو پاکستان کی سب سے کامیاب فلم کا اعزاز بھی دلائیں گے۔ پاکستان کے مختلف سنیما گھروں سے فلم دیکھنے کے بعد باہر نکلنے والے نوجوانوں نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ”طیفا اِن ٹربل “ بہت زبردست فلم ہے، تمام آرٹسٹوں نے بہترین اداکاری کی ، علی ظفر کی پرفارمنس بہت اچھی لگی ، مایا علی فلم انڈسٹری کا اچھا اضافہ ہیں اُنہیں مزید فلمیں کرنی چاہئیں۔ یہ بہت خوبصورت فلم ہے، پاکستانی فلموں پر سرمایہ کاری کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ فیملی فلم کو سب ہی نے انجوائے کیا ، ہمیں اسی طرح کی پاکستانی فلمیں دیکھنا پسند ہیں جن سے پاکستان کا نام پوری دُنیا میں روشن ہو۔ ایسی فلمیں بار بار دیکھنے کا دِل چاہتا ہے۔ فلم کو دیکھنے میں بہت لطف آیا۔ کہانی، ایکشن اور گانوں کو دیکھ کر دِل خوش ہوگیا اور آئٹم سونگ نے تو دِل چھو لیا ہے۔ صاف ستھری فلم ہے جسے خواتین اور بچوں کے ساتھ بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ اگر ایسی فلمیں مسلسل بنتی رہیں تو لوگ کیبل چھوڑ کر سنیما گھروں میں آنا شروع ہوجائیں گے۔ فلم اتنی بہترین لگی کہ میں اپنے دوستوں اور بچوں کو دکھانے لایا ہوں۔ علی ظفر کی اداکاری آؤٹ اسٹینڈنگ اور مایا علی بہت کلاسک لگی ہیں۔ پاکستان کی فلمی صنعت کو فروغ دینے کیلئے ”طیفا اِن ٹربل“ نے بہترین جدوجہد کی ہے۔ جاوید شیخ اور محمود اسلم کو مستقل فلموں میں کام کرتے رہنا چاہئے۔یقین نہیں آتا یہ مایا علی کی پہلی فلم ہے اُن کے اعتماد کو داد دینی چاہئے۔